تاثیر 06 فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جے پور، 6 فروری : راجستھان کے جے پور کے ڈوڈو علاقے میں جمعرات کی دوپہر ایک خوفناک سڑک حادثے میں آٹھ افراد کی موت ہو گئی۔ جبکہ حادثے میں چھ افراد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ دوپہر تقریباً 3:45 بجے اس وقت پیش آیا جب راجستھان روڈ ویز کی بس کا ٹائر پھٹنے کے بعد کنٹرول کھو گیا اور جے پور-اجمیر ہائی وے پر موکھم پورہ کے قریب ایک ایکو کار سے ٹکرا گئی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کام شروع کر دیا۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے کار میں پھنسے افراد کو باہر نکالنے کی کوشش کی تاہم تصادم اس قدر شدید تھا کہ کار میں سوار کوئی بھی شخص بچ نہ سکا۔جے پور دیہی پولیس سپرنٹنڈنٹ آنند کمار شرما نے بتایا کہ روڈ ویز کی بس جے پور سے اجمیر جا رہی تھی، جب کہ ایکو کار اجمیر سے جے پور آ رہی تھی۔ اس دوران موکھم پورہ کے قریب بس کا ٹائر پھٹ گیا اور یہ بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر کو عبور کر کے دوسری طرف سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی۔ تصادم میں کار مکمل طور پر کچل گئی اور اس میں سوار تمام آٹھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔