تاثیر 03 فروری ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 3 فروری :جموں و کشمیر بارڈر ایریا ڈیولپمنٹ کانفرنس نے حکومتِ جموں و کشمیر اور محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مینڈھر کے گاؤں گراگاں میں واقع پرائمری اسکول کی زیر تعمیر عمارت کو جلد مکمل کرے۔حالیہ دنوں میں جے کے بی اے ڈی سی کے چیئرمین ڈاکٹر شہزاد احمد ملک نے مقامی دیہاتیوں کی دعوت پر بلاک منکوٹ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں معزز شہریوں، ریٹائرڈ سرکاری ملازمین اور طلبہ سے ملاقات کے دوران کئی اہم سماجی و تعلیمی مسائل اجاگر کیے گئے۔
اس موقع پر دیہاتیوں نے گراگاں، کسلہری میں واقع اسکول کی نامکمل عمارت کا معاملہ اٹھایا، جو گزشتہ دس برسوں سے تشنہ? تکمیل ہے۔مقامی افراد کے مطابق 2012 میں اس اسکول کی تعمیر کے لیے 10 لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی تھی، لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر تعمیراتی کام مکمل نہیں کیا جا سکا۔ اسکول کا ڈھانچہ تو کھڑا کر دیا گیا، مگر چھت کی عدم موجودگی کے باعث طلبہ اور اساتذہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔سابق وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد احمد ملک نے اسکول کا موقع پر معائنہ کیا اور عمارت کی نامکمل حالت پر افسوس کا اظہار کیا۔