ایک انے مارگ میں دعوت افطار کا اہتمام، گورنر سمیت کثیر تعداد میں روزہ داروں کی شرکت

تاثیر 23  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ، 23 مارچ 2025:- وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے 1 انے مارگ واقع ‘ نیک سمواد’ مقدس رمضان المبارک کے موقع پر روزہ داروں کو افطار پہ مدعو کیا۔ دعوت افطار میں گورنرجناب عارف محمد خان سمیت کثیر تعداد میں روزہ داروں اوراہم شخصیات نے شرکت کی۔ افطار سے قبل متن گھاٹ کے سجادہ نشیں حضرت سید شاہ شمیم الدین احمد منعمی نے رمضان المبارک اور روزے کی اہمیت کو تفصیل سے بیان کیا اور اجتماعی دعائیں کیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سمیت مدعو مہمانوںنے اجتماعی دعا میں شامل ہو کر ریاست کی ترقی، باہمی بھائی چارے اور محبت کے لیے خدا سے دعائیں کیں۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے گورنرجناب عارف محمد خان کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے اور انہیں ٹوپی اوررومال پہنا کر ان کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے تمام آنے والے مہمانوں اور روزہ داروں کاباری باری سے خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر، مرکزی وزیر پنچاتی راج، ماہی ومویشی پروری اور ڈیری جناب راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ، مرکزی وزیر فوڈ پروسیسنگ صنعت جناب چراغ پاسوان، نائب وزیر اعلی جناب سمراٹ چودھری، زراعت اور کسان بہبود کے مرکزی وزیر مملکت جناب رامناتھ ٹھاکر ،بہار اسمبلی کے اسپیکر جناب نند کشور یادو ،بہار قانون سازکونسل کے چیئر مین جناب اودھیش نارائن سنگھ، آبی وسائل و پارلیمانی امور کے وزیر جناب وجے کمار چودھری، دیہی ترقیات کے وزیرشرون کمار، رورل ورک کے وزیر جناب اشوک چودھری،اطلاعات ورابطہ عامہ کے وزیر جناب مہیشور ہزاری، وزیر تعلیم جناب سنیل کمار ، اقلیتی فلاح کے وزیر جناب زماں خان ، رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سنجے کمار جھا ، رکن پارلیمنٹ جناب کوشلیندر کمار سمیت دیگر وزرا ، ارکان پارلیمنٹ ،ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل ، دیگر عوامی نمائندے ، ریاست کے سینئر انتظامی و پولیس افسران اور بڑی تعداد میں روزہ دار موجود تھے ۔