یوکرین کیلئے ’قابلِ اعتماد سکیورٹی گارنٹی‘ کی منصوبہ بندی کریں: ماکرون کا اتحادیوں پر زور

تاثیر 12  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پیرس،12مارچ:فرانس کے ایوانِ صدر نے کہا کہ صدر عمانویل ماکرون نے منگل کے روز پورے یورپ اور دیگر ممالک فوجی سربراہان پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی کی صورت میں یوکرین کے لیے “قابلِ اعتماد حفاظتی ضمانتوں کا تعین” کرنے کی غرض سے ایک منصوبہ تیار کریں۔ان کی یہ اپیل پیرس میں 30 سے زائد اتحادی ریاستوں کے اعلیٰ حکام کے بند کمرے کے اجلاس میں سامنے آئی جب یوکرین نے ایک ماہ کی جنگ بندی کی امریکی تجویز کی توثیق کی اور سعودی عرب میں اہم بات چیت میں روس کے ساتھ فوری مذاکرات پر رضامندی ظاہر کی۔
ماکرون نے امریکہ اور روس کے تعلقات میں واشنگٹن کی غیر متوقع پالیسی تبدیلی پر یورپی ردِ عمل کی حوصلہ افزائی کرنے کی کوشش کی ہے۔پیرس اجلاس میں 34 ممالک کے نمائندگان موجود ہیں جن میں سے زیادہ تر کا تعلق یورپ اور نیٹو سے تھا۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جاپان کے مندوب بھی شامل تھے۔اس میں امریکہ کا کوئی نمائندہ نہیں تھا جو نیٹو کا اہم رکن ہے۔