بزم بہاراں ،کولکاتا کا یادگار کثیر لسانی مشاعرہ کامیابی سے ہم کنار

تاثیر 05  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بزم بہاراں نے ایک تاریخ رقم کی: ڈاکٹر دبیر احمد
بزم بہاراں ، کولکاتہ کی جانب سے 27 فروری 2025 کو آسو توش میموریل انسٹی ٹیوٹ ،کولکاتہ میں تاریخ ساز کثیر لسانی مشاعرہ کا انعقاد ہوا جس میں اردو ، ہندی ، بنگلہ ،انگریزی ،پنجابی اور گجراتی سمیت تقریباً چھ زبانوں کے شعراء و شاعرات نے شرکت کی اور اپنے اپنے کلام سے نوازا۔۔ مہمان خصوصی مشہور ڈراما نگار ،اداکار اور داستان گو محترم جاوید دانش(کناڈا ) تھے جنہوں نے اپنے خصوصی خطاب میں بزم کی سرگرمیوں کو سراہا اور کئی خوبصورت نظمیں پیش کر کے سامعین کا دل جیت لیا، مہمانان ذی وقار کی حیثیت سے جناب یتیش کمار اور جناب شکیل احمد جلوہ افروز تھے جنہوں نے نہ صرف  بزم کی فعال سکریٹری محترمہ رونق افروز کی کاوشوں کو سراہا بلکہ دونوں ہی نے بالترتیب اپنی ہندی اور بنگلہ کویتائیں بھی پیش کیں۔ مشاعرے  کی صدارت کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے معروف علمی و ادبی شخصیت اور مولانا آزاد کالج ،کولکاتا کے صدر شعبہء اردو ڈاکٹر دبیر احمد نے اپنے صدارتی کلمات سے تو نوازا ساتھ ہی اپنی تین چار نظمیں بھی پیش کر کے حاضرین و سامعین کو حیرت میں ڈال دیا کیوں کہ بحیثیت شاعر انہیں لوگ کم کم ہی جانتے ہیں۔نظامت کی ذمےداری معروف شاعرہ ،بزمِ بہاراں کی  متحرک سکریٹری اور بانی محترمہ رونق افروز نے بخوبی نبھائی، جبکہ ادارے کی جوائنٹ سکریٹری اور خضر پور کالج کے شعبہء فارسی کی استانی محترمہ زرتاب غزل نے سبھی شعراء کرام کو مومنٹو اور شانہ زیب دے کر ان کی عزت افزائی کی۔
بزمِ بہاراں کی صدر، معروف شاعرہ ،ادیبہ اور ٹی ڈی بی کالج ، رانی گنج کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر صابرہ خاتون حنا بھی آسنسول سے تشریف لائیں اور آخر تک مہمانان گرامی کے ساتھ اسٹیج پر موجود رہ کر بزم کے انتظام و انصرام کی نگرانی کرتی رہیں ۔مختلف زبانوں کے جن شعراء اور شاعرات نے اپنی اپنی نظمیں غزلیں پیش کیں ان میں اردو کے جاوید دانش(کناڈا)، ڈاکٹر دبیر احمد،ڈاکٹر صابرہ خاتون حنا، شاہد نور،نغمہ نور، زرتاب غزل اور رونق افروز، ہندی زبان کے  آنند گپتا،راج وردھن ، یتیش کمار، انیلا راکھےچا اور کسم جین،پنجابی زبان کے بھوپندر سنگھ بشر اور راویل پشت، انگریزی زبان کی صوفیہ خاتون اور دائم محمد انصاری، بنگلہ زبان کے شکیل احمد اور گجراتی زبان  کے کیور مجمدار اہم ہیں
سامعین میں بھی ادب نوازوں کی بڑی تعدادمیں انجمن ترقی اردو کے ڈاکٹر واصف اختر، آنند گپتا ، رام کپور ،موسمی پرساد،محمد رضوان ، شہنواز وارث، صوفیہ خان ،راویل پشپ، فوزیہ اختر، نہال احمد وغیرہ کے ساتھ ہی کیء میڈیا گروپس کے نمائندے بھی قابل ذکر ہیں۔ پروگرام کا اختتام زرتاب غزل کے اظہار تشکر سے ہوا بعد ازاں مہمانان و حاضرین کی چائے ناشتے سے ضیافت بھی کی گئی اور اس طرح ایک طویل وقفے کے بعد ہونے والے بزم بہاراں کے اس شاندار پروگرام نے بقول ڈاکٹر دبیر احمد چھ زبانوں کے شعراء و شاعرات کے ساتھ ایک تاریخ رقم کی اور کامیابی سے ہم کنار ہوا۔