کانگریس مغربی بنگال اسمبلی الیکشن تنہا لڑنے کی تیاری کر رہی ہے

تاثیر 20  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 20 مارچ: مغربی بنگال میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس ہائی کمان نے ریاست کی تمام 294 سیٹوں پر تنظیم کو مضبوط کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ پارٹی قیادت نے ترنمول کانگریس یا بائیں بازو کی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے امکان پر غور کیے بغیر خود کو انتخابی جنگ کے لیے تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بنگال کانگریس کے ایک سینئر لیڈر نے جمعرات کو کہا کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی اور کے سی وینوگوپال نے اس سلسلے میں ریاستی کانگریس لیڈروں سے بات کی ہے۔
کانگریس ہائی کمان نے مغربی بنگال یونٹ کو تنظیم کو مضبوط کرنے اور تحریک کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔ ذرائع کے مطابق ریاستی کانگریس کے بیشتر لیڈروں نے تمام 294 سیٹوں پر الیکشن لڑنے کی وکالت کی ہے۔ تاہم ہائی کمان نے فوری طور پر اس مطالبے سے اتفاق نہیں کیا اور تنظیم کو مزید مضبوط کرنے کی ہدایت کی۔