تاثیر 27 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضا امام) 27 مارچ:-آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر جمال حسن نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب نے جو حکم دیا ہے، میں اس پر عمل کرتا ہوں اور تمام مسلمان بھائیوں اور انصاف پسند شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ حکومت کی غلط پالیسی کے خلاف آواز بلند کریں۔ یہ بل ہماری املاک، ہمارے عقائد اور ہمارے مذہبی مقامات کے حقوق پر حملہ ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ڈاکٹر جمال حسن نے کہا کہ حکومت کی اس غیر منصفانہ پالیسی کے خلاف ہم سب کو منظم ہو کر اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی۔ اس کے لیے ہمیں الوداعی جمعہ اور عید کے دن بازوؤں پر کالا کپڑا باندھنا چاہیے اور اس کی تصویر/ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کرنی چاہیے۔ یہ صرف احتجاج کا طریقہ نہیں ہوگا بلکہ ہمارے اتحاد اور عزم کی علامت ہوگا۔ جب ہماری آواز بلند ہو جائے گی تو حکومت سمجھے گی کہ ہم اپنے وقف، اپنی جائیداد اور اپنے حقوق کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ڈاکٹر جمال حسن نے کہا کہ ہماری پرامن مہم کا مقصد حکومت کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم اپنے مذہبی، سماجی اور قانونی حقوق پر کسی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ہماری طاقت اور اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ اس لیے تمام بھائیوں اور بہنوں سے گزارش ہے کہ اس مہم میں جوش و خروش سے حصہ لیں اور حکومت کو اپنے اتحاد و حوصلے کا احساس دلائیں۔