تاثیر 01 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولکتہ، یکم مارچ (محمد نعیم) نائنتا یونیورسٹی اگست 2025 میں اپنی کلاسز کا آغاز کرے گی۔ یہ یونیورسٹی مہاراشٹر اسٹیٹ پرائیویٹ یونیورسٹی ایکٹ کے تحت قائم کی گئی ہے اور اس کا مقصد بھارت میں اعلیٰ تعلیم کے مستقبل کو نئے انداز میں پیش کرنا ہے۔ نائنتا ایک مکمل رہائشی انڈر گریجویٹ پروگرام فراہم کرے گی جو طلبہ کو قیادت کی مہارتوں کے ساتھ ایک پیچیدہ عالمی ماحول کے لیے تیار کرے گا۔
یہ یونیورسٹی معروف صنعتکاروں، بشمول راج دوگر، بھرت پوری، نوشاد فوربس، کرش گوپال کرشنن، نادر گودریج، مہر پُودم جی، اور ستیش ریڈی کے تعاون سے قائم کی گئی ہے۔ نائنتا کا نام سنسکرت کے لفظ “نئے اُمید” سے اخذ کیا گیا ہے، جو مثبت تبدیلی اور جدید تعلیم کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
اس تعلق سے نائنتا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سربراہ برائے تعلیمی امور، ڈاکٹر ڈی۔ پارتھا سارتھی نے کہا کہ “ہمارا تعلیمی ماڈل طلبہ کو مختلف مضامین دریافت کرنے کا موقع دیتا ہے تاکہ وہ اپنی مہارت کا بہترین انتخاب کر سکیں۔ ہمارا 16 ماہ کا ملٹی ڈسپلنری فاؤنڈیشن پروگرام طلبہ کو تعلیمی اور پیشہ ورانہ میدان میں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے تیار کرتا ہے۔”یونیورسٹی کے افتتاحی داخلہ فروری 2025 میں شروع ہوئے، جبکہ کلاسز کا آغاز اگست 2025 میں ہوگا۔ نائنتا یونیورسٹی کا مستقل کیمپس، جو پونے میں 100 ایکڑ پر مشتمل ہے، زیر تعمیر ہے۔ یہ مکمل رہائشی کیمپس طلبہ کو ایک شاندار اور جدید تعلیمی ماحول فراہم کرے گا۔