چار روزہ سالانہ ایتھلیٹکس مقابلے کا شاندار اختتام

تاثیر 19  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)
گزشتہ روز کو ہیومن ڈویلپمنٹ اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ، جمشید نگر، پیک پاڑا، پواخالی، کشن گنج، بہار کے زیر اہتمام منعقدہ چار روزہ سالانہ ایتھلیٹکس کھیلوں کا مقابلہ بحسن و خوبی اپنے اختتام کو پہنچا۔ جسمانی صحت بے شمار نعمتوں میں سے ایک ہے، کیونکہ ایک صحت مند جسم میں ہی صحت مند دماغ ہوتا ہے، جبکہ ایک کمزور جسم کمزور ذہنیت کا باعث بنتا ہے۔ اسی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرسٹ نے اس سالانہ کھیلوں کے مقابلے کا انعقاد کیا، جس میں مختلف مدرسوں اور اسکولوں کے سینکڑوں طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
یہ شاندار مقابلے کئی مراحل پر مشتمل تھے، جن میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے مختلف کھیلوں کا اہتمام کیا گیا۔ لڑکوں نے روڈ رننگ، ریس واکنگ، کبڈی، لانگ جمپ اور ہائی جمپ جیسے مقابلوں میں حصہ لیا، جبکہ لڑکیوں کے لیے چیئر ریس، سوئی دھاگہ پر دھاگہ پرونا اور دیگر دلچسپ کھیل منعقد کیے گئے۔ تمام شرکاء نے انتہائی جوش و ولولے کے ساتھ ان مقابلوں میں حصہ لیا اور اس ایونٹ کو کامیاب بنایا۔  شرکاء کو ان کی تعلیمی استعداد اور عمر کے مطابق مختلف گروپوں میں تقسیم کیا گیا، تاکہ ہر طالب علم اپنی صلاحیت کے مطابق حصہ لے سکے۔ ہر گروپ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو ٹرسٹ کی جانب سے تعریفی اسناد، میڈلز، ٹرافیاں اور دیگر انعامات جیسے کتابیں، قلم، ڈائریاں، بالٹیاں، جگ اور مگ وغیرہ دیے گئے۔ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ ٹرسٹ کے بانی ڈاکٹر ذاکر حسین جمشید اور دیگر اراکین کو مزید ہمت اور توفیق عطا فرمائے تاکہ وہ سماج کی بہتری، تعلیم و تربیت اور ترقی کے لیے مزید خدمات انجام دے سکیں۔ نیز، ہیومن ڈویلپمنٹ اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ اور کلام انٹرنیشنل اسکول کو دن دگنی اور رات چوگنی ترقی نصیب ہو۔آمین