تاثیر 26 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) بہار انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کرنے اور اچھے نمبرات حاصل کرنے میں ایس پی جین کالج سہسرام کے طلباء نے بھی غلبہ حاصل کیا ہے، جہاں کئی طلباء اچھے نمبرات حاصل کر کامیاب ہوئے ہیں، ان میں چونا بھٹہ محلہ سہسرام کی رہنے والی ادیتی سونکر نے انٹر کامرس کے امتحان میں پوری ریاست میں چوتھا مقام حاصل کر سہسرام کا وقار بڑھایا ہے ۔ ادیتی پھلوں کے تاجر سنیل کمار کی بیٹی ہے اور اس کی ماں پریا کماری گھریلو خاتون ہیں ۔ ادیتی کی کامیابی سے اسکے گھر میں خوشی اور جوش کا ماحول ہے اور اسے مبارکباد دینے والوں کی قطار لگ گئی ہے ۔ ادیتی بنیادی طور پر ایس پی جین کالج سہسرام کی طالبہ ہے، اسکی کی کامیابی پر کالج میں بھی خوشی کا ماحول ہے ۔ بہار اسکول ایگزامینیشن بورڈ کے اعلان کردہ نتائج میں ادیتی نے 94 فیصد یعنی 470 نمبر حاصل کئے ہیں ۔ ادیتی اپنی کامیابی کا سہرا اپنے والدین، اساتذہ اور اپنی محنت کو دیتی ہیں، انہوں نے کہا کہ اچھے نمبروں کی توقع کر رہے تھے لیکن ٹاپرس کی فہرست میں اپنا نام جان کر بہت خوشی ہوئی، میں نے آن لائن کلاسز کے ذریعہ امتحان کی تیاری کی اور امتحان سے دو ماہ قبل کریش کورس میں شمولیت اختیار کی ۔ ادیتی کا کہنا ہے کہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے سی اے بننا چاہتی ہیں ۔ والد سنیل کمار نے کہا کہ میری بیٹی کی کامیابی نے مجھے سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔ میرا ایک بیٹا اور تین بیٹیاں ہیں، ادیتی سب سے بڑی بیٹی ہے، اسکی محنت کی وجہ سے دوسرے بچے بھی پڑھائی میں اچھا کر رہے ہیں ۔ ادیتی کی کامیابی پر ایس پی جین کالج سہسرام کے پرنسپل پروفیسر نوین کمار، شعبہ سیاسیات کے صدر پروفیسر علاؤالدین عزیزی، شعبہ کامرس کے صدر ڈاکٹر شیو کمار روی داس اور دیگر کئی لوگوں نے بھی اسے مبارکباد دی ہے اور اسکے روشن مستقبل کی خواہش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کالج کی جانب سے بھی ایک خصوصی پروگرام منعقد کر ادیتی کو اعزاز سے نوازا جائیگا ۔