تاثیر 01 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی ، یکم مارچ: غالب اور اقبال اردو شعر و شاعری کے دو ایسے چمکتے ستارے ہیں جنہیں نظر انداز کرنا کسی بھی شاعر کے لیے ناممکن ہے۔ ترقی پسندوں نے غالب کو جاگیردارانہ سماج کی پیداوار قرار دیا تھا لیکن اس کتاب کو مرتب کر کے فاروق بخشی نے ترقی پسندوں اور غالب کے رشتے کو ایک نئے زاویے سے دیکھنے کی کوشش کی ہے۔ اس کتاب میں شامل ان کا طویل اور مفصل مقدمہ اس کا ثبوت ہے۔ یہ کتاب جہاں غالب کے علم کی طرف ایک اور قدم ہے یہ پروفیسر فاروق بخشی کی بصیرت اور محنت کا منہ بولتا ثبوت بھی ہے۔ان خیالات کا اظہار پروفیسر عبدالحق نے اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔
اس باوقار تقریب کا اہتمام پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی کی سرپرستی میں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں فاروق بخشی کو اس وقت سے جانتا ہوں جب وہ طالب علم تھے۔ اتنی موٹی کتاب کی تدوین صرف ایسا شخص ہی کر سکتا ہے۔