تملوک میں المناک سڑک حادثہ، ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت

تاثیر 01  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکاتہ،یکم مارچ : مغربی بنگال کا مشرقی مدنی پور ضلع تملوک میں ایک خوفناک سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے تین افراد کی موت ہو گئی، جب کہ ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ماروتی وین سڑک کے کنارے کھڑے گیس ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ پولیس کے مطابق حادثے کی وجہ گاڑی کا ٹائر پھٹنا ہو سکتا ہے۔
ہفتہ کی صبح ایک خاندان اپنے مریض کے ساتھ کولکاتہ جا رہا تھا۔ ماروتی وین مشرقی مدنی پور کے بھگوان پور کے گڑگاؤں علاقے سے نیشنل ہائی وے نمبر 116 سے گزر رہی تھی۔ اس دوران تملوک کے کمار گنج علاقے میں وین سڑک کے کنارے کھڑے گیس ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق وین تیز رفتاری سے چل رہی تھی اور اچانک ڈرائیور کا کنٹرول ختم ہوگیا جس کے نتیجے میں خوفناک تصادم ہوا۔
حادثے کے بعد پولیس اور مقامی لوگوں نے زخمیوں کو فوری طور پر تملوک کے تمرلیپٹ گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے تین لوگوں کو مردہ قرار دیا۔ ساتھ ہی ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔