تاثیر 19 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولکاتہ، 19/ مارچ (تاثیر بیورو) سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے مقصد سے سماجی تنظیم “ہم” کے ڈائریکٹر محمد راہل نے ایک شاندار دعوتِ افطار کا اہتمام کیا۔ یہ روح پرور تقریب 16 مارچ کو 15 رمضان المبارک کی مناسبت سے زکریہ اسٹریٹ میں منعقد کی گئی، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین، سماجی کارکنان اور سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر معروف سماجی کارکن پریہ درشنی گھوش باوا کا خصوصی استقبال کیا گیا، جہاں محمد راہل، روی اوجھا، وسیم احمد اور محمد نصرو نے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ دعوتِ افطار کے دوران تمام مذاہب اور قوموں کے افراد نے ایک ساتھ روزہ افطار کیا، جس سے اخوت، یکجہتی اور محبت کا شاندار مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ محمد راہل نے اس موقع پر کہا کہ “ہم سب ایک دھاگے میں پروئے ہوئے ہیں، اور اس طرح کی تقریبات معاشرتی ہم آہنگی کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔” شرکاء نے بھی اس اقدام کو سراہا اور ایسے مزید اجتماعات کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ تقریب نہ صرف مذہبی رواداری بلکہ سماجی ہم آہنگی کی ایک بہترین مثال بنی، جہاں مختلف مذاہب اور طبقات کے لوگ ایک ساتھ بیٹھے اور بھائی چارے کے جذبات کو فروغ دیا۔