ماہ رمضان کی مناسبت سے ڈوڈہ میں مارکیٹ چیکنگ

تاثیر 01  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں, یکم مارچ :ماہِ رمضان کی آمد کے پیش نظر بازار میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کے لیے محکمہ فوڈ سپلائی، میونسپل کونسل ڈوڈہ اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے قصبہ ڈوڈہ میں مارکیٹ کا دورہ کیا اور نرخوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔رمضان المبارک دو مارچ سے شروع ہو رہا ہے اسی تناظر میں انتظامیہ نے گراں فروشی پر قابو پانے کے لیے سبزی فروشوں، گوشت و دودھ کے دکانداروں سمیت دیگر تاجروں کو ہدایت دی کہ وہ نرخوں میں ناجائز اضافہ نہ کریں اور دکانوں پر ریٹ لسٹ نمایاں طور پر آویزاں کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ نے ایک اجلاس میں رمضان کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ بجلی کو سحری و افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ مساجد کے باہر صفائی، پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔