تاثیر 28 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس مہیلا کالج سہسرام کے ملازم اشوک کمار عمر 54 سال جو کلہریا گاؤں کاراکاٹ تھانہ علاقہ کے رہنے والے تھے، آج کی دیر شام روہتاس ضلع کے ڈہری نگر تھانہ علاقہ کے ڈیلیاں گاؤں کے قریب ہائی وے پر سڑک حادثے میں موقع پر ہی ہلاک ہو گئے ۔ فی الوقت وہ سہسرام نگر تھانہ علاقہ کے گاندھی نگر میں رہتے تھے ۔ متوفی اپنی بائک سے سہسرام سے ڈہری جا رہے تھے کہ ایک ٹرک نے انھیں زوردار ٹکر مار دی ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں نے ہائی وے کو کچھ دیر جام بھی کیا مگر پولس کی یقین دہانی کے بعد جام ختم ہوا ۔ پولس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے صدر اسپتال سہسرام بھیجا اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش لواحقین کے حوالے بھی کردیا ۔ پولس نے ٹرک کو قبضے میں لے لیا ہے تاہم ڈرائیور فرار ہو گیا ہے ۔ تھانہ صدر شیویندر کمار نے کہا کہ لواحقین کے بیان کی بنیاد پر کارروائی کی جائیگی ۔ کالج ملازمین یونین نے بھی اس واقعہ پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے، یونین کے لوگوں نے کہا کہ اشوک کمار ایک اچھے اور بہ اخلاق انسان تھے، ہر کوئی ان کی عزت کرتا تھا، ان کی اچانک موت نے روہتاس مہیلا کالج کے پورے پریوار کو سوگوار کر دیا ہے ۔