ریلوے نے پی ایچ ای ڈی کو اراضی خالی کرنے کا دیا نوٹس,شہر میں پینے کے پانی کا ہوگا بحران

تاثیر 28  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

          سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) مغل سرائے ایسٹ سنٹرل ریلوے کے ڈی آر ایم آفس نے پی ایچ ای ڈی کے ان تمام دفاتر کو خالی کرنے کا نوٹس بھیجا ہے جو ریلوے اسٹیشن سہسرام ​​کے جنوب اور پرانے جی ٹی روڈ کے شمال میں ریلوے کی زمین پر چل رہے ہیں ۔ ریلوے کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس نے محکمہ پی ایچ ای ڈی کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے اور شہر کے مکین بھی اب پینے کے پانی کے بحران سے پریشان ہو سکتے ہیں ۔ محکمہ پی ایچ ای ڈی کو بھیجے گئے نوٹس میں ریلوے نے کہا ہے کہ پی ایچ ای ڈی سہسرام ​​کے کئی دفاتر ریلوے کی زمین پر ناجائز قبضہ کرکے چلائے جارہے ہیں ۔ ریلوے نے ایک وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کیا ہے جسمیں پوچھا گیا ہے کہ محکمہ آرڈر میں مذکور مدت کے اندر ریلوے کے احاطے کو خالی کر سکتا ہے ۔ محکمانہ ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق پینے کے پانی کے حوالے سے کئی دہائیاں قبل محکمہ ریلوے اور پی ایچ ای ڈی کے درمیان معاہدہ ہوا تھا جسکے تحت ریلوے نے پینے کا پانی فراہم کرنے کے عوض اپنی زمین لیز پر محکمہ پی ایچ ای ڈی کو دی تھی لیکن اب یہی زمین ریلوے کے توسیعی منصوبے میں رکاوٹ بن رہی ہے جسکے پیش نظر اب ریلوے نے محکمہ پی ایچ ای ڈی کو نوٹس بھیج کر احاطے کو خالی کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔ پورے معاملے کے بارے میں پی ایچ ای ڈی ڈیپارٹمنٹ کے ایگزیکٹیو انجینئر نند کشور پرساد نے کہا کہ ریلوے کی جانب سے زمین خالی کرنے کے لئے دو سے تین نوٹس موصول ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو خط و کتابت کے ذریعہ مسائل سے واقف کرایا گیا ہے اور روہتاس کے ضلع کلکٹر کو بھی پورے معاملے کی جانکاری دی گئی ہے ۔ ریلوے کی اس نوٹس نے پی ایچ ای ڈی کے ساتھ ساتھ شہر کے رہنے والوں کے لئے بھی بڑا مسئلہ کھڑا کر دیا ہے ۔ واضح ہو کہ تقریباً 6 دہائیوں سے اس ریلوے کی زمین پر پی ایچ ای ڈی کے کل چار دفاتر کام کر رہے ہیں جسمیں سمپ ہاؤس کے ساتھ ساتھ واٹر ٹاور اور محکمانہ ملازمین کی رہائش گاہیں بھی بنی ہوئی ہیں، اسکے علاوہ سہسرام ​​شہر میں پینے کے پانی کی سپلائی کو مذکورہ احاطے سے مکمل طور پر کنٹرول کیا جاتا ہے ۔ ایسے میں اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر ریلوے نے اپنی زمین خالی کرا دی تو شہر میں پینے کے پانی کی فراہمی کا مسئلہ سنگین ہو سکتا ہے تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ محکمہ پی ایچ ای ڈی ریلوے کے نوٹس کے بعد کیا کارروائی کرتا ہے اور ریلوے کو اپنی زمین خالی کرنے میں کتنا وقت لگتا ہے مگر ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ صرف ریلوے کی زمین ہی نہیں بلکہ شہر کی بہت سی خاص خاص زمیں جس پر ضلع کے کئی اہم دفاتر قائم ہیں اور عام قبضہ میں بھی ہی جو خانقاہ اسٹیٹ سہسرام کی ہے اور وقف سے منسلک ہے ۔