آپریشن اسٹریٹ اسپائن: امید اور شفا کا عالمی مشن

تاثیر 05  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کلکتہ، 05/ مارچ (محمد عمران) جگن ناتھ گپتا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اینڈ ہاسپٹل اور کلکتہ اسپائن ڈیفارمیٹی سرجری ورکشاپ کا انعقاد کر رہا ہے، اس عالمی طبی مہم میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈاکٹروں نے کلکتہ کا رخ کیا ہے، جن میں ڈاکٹر علاء الدین احمد (فلسطین)، پروفیسر ڈاکٹر ماسیمو بالسینو (اٹلی)،ڈاکٹر گریش سوامی (برطانیہ) اور ڈاکٹر نوین سی مرلی (برطانیہ) کے نام قابلِ ذِکر ہیں۔

اس شاندار اقدام میں کلیدی کردار پروفیسر ڈاکٹر اوجول دیبناتھ نے ادا کیا ہے، جو JIMSH میں آرتھوپیڈکس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ اور OSS کے چیئرمین بھی ہیں۔ اس مہم کے تحت اب تک 12 بچوں کی زندگیاں بدل چکی ہیں، جن میں سے 11 کا تعلق مغربی بنگال سے ہے۔ ان بچوں میں 8 سالہ آدریجا مجمدار بھی شامل ہے۔ اس تعلق سے JIMSH کے چیئرمین کرشن کمار گپتا نے کہا کہ “ہمارے نزدیک صحت کی سہولت کوئی خاص امتیاز نہیں، بلکہ ہر فرد کا بنیادی حق ہے۔ آپریشن اسٹریٹ اسپائن اس بات کی علامت ہے کہ کوئی بھی بچہ صرف مالی مشکلات کی وجہ سے جدید علاج سے محروم نہ رہے۔ جب کسی بچے کی ریڑھ کی ہڈی میں بگاڑ آتا ہے، تو یہ صرف اس کی جسمانی ساخت کو متاثر نہیں کرتا، بلکہ اس کے اعتماد، نقل و حرکت، خوابوں اور مستقبل پر بھی گہرا اثر ڈالتا ہے۔ اس مہم کے ذریعے ہم صرف ریڑھ کی ہڈی کی درستگی نہیں کر رہے، بلکہ یہ ایک انقلابی تحریک ہے جو انصاف پر مبنی صحت کی سہولت کو سب تک پہنچانے کا مشن رکھتی ہے۔ ہم ان تمام بین الاقوامی ڈاکٹروں کے مشکور ہیں جنہوں نے اپنے وقت اور مہارت کو اس خواب کو حقیقت بنانے میں وقف کیا۔ ہر بچہ اس حق دار ہے کہ وہ سیدھا کھڑا ہو، فخر کے ساتھ چلے، اور ایک بے حد روشن مستقبل کو گلے لگائے۔”