سنبھل شاہی جامع مسجد میں رنگ و روغن کا کام شروع

تاثیر 16  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

مرادآباد، 16 مارچ:اترپردیش کے سنبھل ضلع میں واقع شاہی جامع مسجد کے رنگ و روغن کا کام اتوار کو شروع ہوا۔ مزدوروں نے سب سے پہلے مسجد کی دیوار پر جھولا لگا کرپینٹ کرنا شروع کیا۔ہفتہ کی دوپہر کو محکمہ آثار قدیمہ حکومت ہند (اے ایس آئی) کی تین رکنی ٹیم مصوروں اور مزدوروں کے ساتھ پہنچی۔ اس دوران مسجد کی لمبائی اور چوڑائی کی پیمائش کی گئی۔ مسجد کمیٹی کے صدر ایڈووکیٹ ظفر علی نے کہا کہ ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق مسجد کی پینٹنگ کا کام سات دن میں مکمل کرنا ہے۔ جس کی وجہ سے آج پینٹنگ کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق 8 مزدور جامع مسجد کی سفیدی کے کام میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہمیں ایک ہفتے میں مسجد کی پینٹنگ مکمل کرنی ہے۔ 12 مارچ کو ہائی کورٹ نے سفیدی اور سجاوٹ کا حکم دیا تھا۔ یہ بھی کہا گیا کہ پینٹنگ اور تزئین کاری کے اس کام کی نگرانی اے ایس آئی کرے گی۔ اسی سلسلے میں اے ایس آئی کی ٹیم 13 مارچ کو جامع مسجد پہنچی۔ ٹیم نے باہر کے حصے کے ساتھ اندر کے احاطے کا بھی معائنہ کیا۔ ٹیم نے ان جگہوں کا معائنہ کیا جہاں پینٹنگ کی جانی تھی۔ مسجد کے بیرونی حصے کو پینٹ کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔