جھارکھنڈ میں درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے گرمی سے راحت

تاثیر 30  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

رانچی، 30 مارچ :رانچی سمیت جھارکھنڈ کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت میں ایک سے چار ڈگری کی کمی سے لوگوں کو گرمی سے راحت ملی ہے۔ آئندہ ایک دو روز میں درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔
درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے پلامو، مشرقی سنگھ بھوم، گڑھوا، سمڈیگا، مغربی سنگھ بھوم، دیوگھر سمیت کئی اضلاع میں لوگوں کو گرمی سے کافی راحت ملی ہے۔ رانچی میں درجہ حرارت میں دو ڈگری، جمشید پور میں دو ڈگری، ڈالٹین گنج میں تین ڈگری، بوکارو میں ایک ڈگری اور چائباسا میں ایک ڈگری کی کمی آئی ہے۔
اتوار کو رانچی میں موسم صاف رہا اور دن میں گرمی محسوس ہوئی۔ رانچی میں درجہ حرارت 33.4 ڈگری سیلسیس، جمشید پور میں 38.6، ڈالٹین گنج میں 37.5 اور بوکارو میں زیادہ سے زیادہ 38.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔