تاثیر 01 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی،یکم مارچ : دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ نے عام آدمی پارٹی لیڈر نریش بالیان سے متعلق مکوکا کیس کی تحقیقات کی مدت 60 دن کے لیے بڑھا دی ہے۔ خصوصی جج کاویری باویجا نے یہ حکم دیا ہے۔نریش بالیان کے خلاف تحقیقات کی مدت 3 مارچ کو ختم ہو رہی تھی۔ دہلی پولیس نے عدالت میں تفتیش کی مدت 90 دن بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔ 24 فروری کو عدالت نے اس معاملے میں ایک ملزم ریتک پیٹر کے خلاف دائر چارج شیٹ کا نوٹس لیا تھا۔
سماعت کے دوران دہلی پولیس نے کہا تھا کہ نریش بالیان سے متعلق مکوکا کیس کی تحقیقات ابھی جاری ہے اور اسے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ 4 جنوری کو دہلی پولیس نے اس مکوکا کیس میں پہلی چارج شیٹ داخل کی۔ دہلی پولیس نے اس معاملے کے ایک ملزم ریتک پیٹر کے خلاف مکوکا کی دفعہ 3 کے تحت تقریباً 300 صفحات کی چارج شیٹ داخل کی ہے۔ 4 دسمبر 2024 کو جب نریش بالیان کو جبری وصولی کے معاملے میں ضمانت مل گئی تھی، اسے دہلی پولیس نے مکوکا کیس میں گرفتار کر لیا تھا۔ نریش بالیان کو دہلی پولیس نے 30 نومبر 2024 کی رات جبری وصولی کے معاملے میں گرفتار کیا تھا۔ اس سے پہلے بی جے پی نے نریش بالیان کا ایک آڈیو کلپ جاری کیا تھا، جو گینگسٹر کپل سانگوان عرف نندو اور بالیان کے درمیان بات چیت کا تھا۔