تاثیر 5 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 5 اپریل :ترنمول کانگریس کے آل انڈیا جنرل سکریٹری اور ڈائمنڈ ہاربر کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے وقف ترمیمی بل کی منظوری کے دوران پارلیمنٹ میں ان کی موجودگی پر سوال اٹھانے پر بھنگر کے ایم ایل اے اور آئی ایس ایف لیڈر نوشاد صدیقی کو قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ یہ نوٹس ابھیشیک کے وکیل سنجے باسو کے ذریعے جاری کیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نوشاد کا پارلیمنٹ میں ابھیشیک بنرجی کی غیر موجودگی سے متعلق دیا گیا بیان “جھوٹا اور گمراہ کن” تھا۔ ابھیشیک نے وضاحت کی ہے کہ 3 اپریل کو وقف ترمیمی بل پر ووٹنگ کے دوران وہ شروع سے آخر تک پارلیمنٹ میں موجود تھے اور انہوں نے بل کے خلاف اپنا احتجاج بھی درج کرایا تھا۔ اس حوالے سے نوٹس کے ساتھ ان کی پارلیمنٹ میں حاضری کی مستند تصویر بھی منسلک کی گئی ہے۔