تاثیر 27 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں و کشمیر ،27 اپریل :جموں و کشمیر کے پہلگام کے بیسران میں 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے خلاف عام لوگوں سے لے کر مشہور شخصیات تک ہر کوئی اپنا احتجاج ظاہر کر رہا ہے۔ بالی ووڈ کی مشہور شخصیات نے بھی اپنے غصے کا اظہار کیا ہے۔ اداکار اکشے کمار کی ایک ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ جس میں اکشے پہلگام میں ہوئے حملے پر سخت غصے کا اظہار کرتے نظر آ رہے ہیں۔
اکشے کمار ان دنوں اپنی فلم ‘کیسری چیپٹر 2’ کو لے کر خبروں میں ہیں۔ اس فلم میں جلیانوالہ باغ کے قتل عام کو دکھایا گیا ہے۔ اکشے فلم میں وکیل سی شنکرن نائر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اکشے نے اس کردار کو اتنی مضبوطی سے نبھایا ہے کہ ناظرین اسے پسند کر رہے ہیں۔ فلم میں ایک سین ہے جس میں جنرل ریجنالڈ ڈائر شنکرن کو انگریزوں کا غلام کہتے ہیں۔ پھر شنکرن دو لفظوں میں جواب دیتا ہے۔ ایف ایکس ایکس یو۔ اب اکشے نے اپنے مداحوں سے دہشت گردوں کے لیے وہی الفاظ کہے ہیں۔حال ہی میں اکشے کمار نے ‘ کیسری چیپٹر 2’ کی اسکریننگ کے دوران ممبئی کے ایک فلم تھیٹر میں پہنچ کر اپنے مداحوں کو حیران کردیا۔ اس وقت اکشے نے سب سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سب کو ایک بات بتانا چاہتا ہوں کہ جب ہم یہ فلم بنا رہے تھے تو ہر سین کرتے وقت میں اور ہدایت کار سوچتے تھے کہ جلیانوالہ باغ کے قتل عام کے بعد سب کے ذہنوں میں کتنا غصہ اور ناراضگی پیدا ہوئی ہوگی، وہ غصہ اور ناراضگی پھر سے ابھری ہے، آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ میں کیا بات کر رہا ہوں۔ اکشے کمار کی اس وائرل ویڈیو نے اس وقت سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔