علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن، بہار – پٹنہ کی جانب سے جھگی بستی میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد

تاثیر 13  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

خدمت، ہمدردی اور عزم و وابستگی کی روشن علامت
شہری جھگی بستیوں میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مفت کثیر التخصصاتی طبی کیمپ کا کامیاب انعقاد
مورخہ 13 اپریل 2025، بروز اتوار، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن (اے ایم یو او بی اے)، بہار – پٹنہ کے زیرِ اہتمام، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابقہ طلبہ پر مشتمل ماہر و مخلص ڈاکٹروں کی ٹیم، ڈاکٹر پربھات میموریل ہیرا متی اسپتال اور دیگر موقر و تجربہ کار طبی ماہرین کے تعاون سے، شاستری نگر، بورڈ کالونی، اُرجا آڈیٹوریم کے نزدیک واقع جھگی بستی میں ایک شاندار اور مفت کثیر التخصصاتی طبی کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا۔
اس کیمپ میں علاقہ کی محروم و مفلس آبادی کے 500 سے زائد افراد نے ماہر ڈاکٹروں سے معائنہ و مشورہ، مفت تشخیصی جانچ، مفت ادویات، آیوشمان بھارت یوجنا سے متعلق رہنمائی، آیوشمان کارڈ کے ذریعے علاج کی آگاہی، “اخند جیوَتی” ادارے کے اشتراک سے آنکھوں کے معائنے، غذائی مشورے، فزیو تھراپی اور آیوش طریقۂ علاج جیسی سہولیات سے استفادہ کیا۔
اس باوقار موقع پر جو شخصیات شریکِ محفل رہیں، اُن میں شامل ہیں:
علی گڑھ کے سینئر علیگ اور سابق سیکریٹری اے ایم یو اسٹوڈنٹس یونین و معروف سماجی کارکن جناب سید انور حسین صاحب، کانگریس لیجسلیٹو پارٹی کے لیڈر و رکن اسمبلی جناب شکیل احمد، انجینئر ذکی احمد خان صاحب، انجینئر سید کاظم صاحب، راشٹریہ جنتا دل کے سکریٹری جناب پرویز اختر، محترمہ اسماء خان، محترمہ کہکشاں پروین، ایڈووکیٹ نصرالہُدا خان، ایجاز حسین، محترمہ چندرکلا اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے عہدیداران، جن میں صدر ایڈووکیٹ ندیم سراج، جنرل سیکریٹری جناب مشیر عالم، خازن ڈاکٹر ارشد الحق اور پروفیسر رضوان الحق نمایاں طور پر شامل تھے۔
کیمپ میں اپنی بے لوث اور رضاکارانہ خدمات پیش کرنے والے ممتاز اطباء میں شامل تھے:
نیوروسرجن ڈاکٹر نسیب اقبال کمیلی، ڈاکٹر ستیش کمار سنگھ (صدر، پربھات میموریل اسپتال)، آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر نیسر انصاری، ماہر امراض اطفال ڈاکٹر رضوان احمد، ماہر امراض تنفس ڈاکٹر ارشد اعجازی، جنرل فزیشن ڈاکٹر دانش، ماہر امراضِ نسواں ڈاکٹر اکنکشا اور ڈاکٹر دانیا، ماہرین امراضِ جلد، دندان ساز، فزیو تھراپسٹ ڈاکٹر فرزانہ اور غذائی ماہرہ محترمہ شاہین فاطمہ۔ ان تمام نے بے مثال جذبے اور اخلاص کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیں۔
منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن مستقبل میں بھی پٹنہ کے جھگی اور دیہی علاقوں میں اس نوعیت کے مفت طبی کیمپوں کا سلسلہ جاری رکھے گی، تاکہ صحت کی سہولیات کو سماج کے آخری فرد تک پہنچایا جا سکے اور سر سید احمد خان کے فلاحی وژن اور علی گڑھ تحریک کی خدمتِ خلق پر مبنی روایت کو فروغ دیا جا سکے۔