تاثیر 27 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کوچ بہار، 27 اپریل:۔ فوج کے مارٹر گولے ملنے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔ یہ واقعہ اتوار کی صبح میکھلی گنج کے ووٹ باڑی میں ہیلاپاکاری موڑ سے متصل علاقے میں پیش آیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ آج صبح علاقے میں پتھر ہٹاتے وقت مقامی لوگوں کو فوج کا ایک مارٹر گولہ ملا۔ اس کے بعد پتھر کے ڈھیر کے منیجر نے پولیس انتظامیہ کو معاملے کی اطلاع دی۔ اس دوران یہ خبر پھیلتے ہی لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ جبکہ بہت سے لوگ دیکھنے کے لیے جمع ہونے لگے۔
منیجر اسحاق علی نے بتایا کہ یہ پتھر توتل باڑی سے لایا گیا تھا۔ شاید پتھر کے ساتھ مارٹر گولہ بھی وہیں سے آیا ہو گا۔ یہاں مارٹر گولے کی برآمدگی کی اطلاع ملتے ہی بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکار موقع پر پہنچے اور اسے اپنے قبضے میں لے لیا۔قابل ذکر ہے کہ دو سال قبل سکم میں سیلاب کی وجہ سے ایک ڈیم ٹوٹ گیا تھا اور کئی فوجی کیمپ بہہ گئے تھے۔ اس وقت فوج کے بہت سے ہتھیار دریائے تیستا میں بہہ گئے تھے۔ اس کے بعد سے چنگرابنڈہ سے متصل علاقے میں پتھر کے مختلف ڈھیروں سے مارٹر گولے برآمد ہوئے ہیں۔