روح افزا پر بابا رام دیو کا تبصرہ ناقابل معافی : دہلی ہائی کورٹ

تاثیر 22  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 22 اپریل: دہلی ہائی کورٹ نے پتنجلی کے بانی بابا رام دیو کو ہمدرد کے مشہور برانڈ روح افزا کو ‘شربت جہاد’ کہنے پر پھٹکار لگائی۔ جسٹس امت بنسل کی بنچ نے کہا کہ بابا رام دیو کے بیان نے عدالت کے ضمیر کو جھنجھوڑ دیا ہے اور یہ ناقابل معافی ہے۔دراصل ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن انڈیا نے پتنجلی کے خلاف عرضی دائر کی ہے۔ سینئر ایڈوکیٹ مکل روہتگی نے ہمدرد کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ بابا رام دیو نے بغیر کسی روک ٹوک کے ہمدرد کے خلاف مذہبی بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ بابا رام دیو کا بیان مذہبی تقسیم پیدا کرتا ہے اور یہ نفرت انگیز تقریر کے تحت آتا ہے۔ یہ بیانات بھی ہتک عزت کی زد میں آتے ہیں۔
روہتگی نے کہا کہ بابا رام دیو کے جاری کردہ ویڈیوز کو فوراً ہٹا دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بابا رام دیو نے اس سے قبل ایک کمپنی ہمالیہ پر بھی الزامات لگائے تھے کیونکہ اس کا مالک مسلمان تھا۔ روہتگی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پہلے ہی بابا رام دیو کو ایلوپیتھی سے متعلق گمراہ کن بیانات اور اشتہارات دینے پر سرزنش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابا رام دیو کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بابا رام دیو نے کہا تھا کہ روح افزا سے ہمدرد کی کمائی سے مدرسے اور مساجد بنائے جاتے ہیں۔