ممبئی کی ایک عدالت نے ملائکہ اروڑہ کے خلاف دوبارہ قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیا

تاثیر 8  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 8 اپریل :اداکارہ ملائکہ اروڑا ایک پرانے قانونی معاملے کو لے کر ایک بار پھر خبروں میں ہیں۔ ممبئی کی ایک عدالت نے ان کے خلاف دوبارہ قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا ہے۔ یہ معاملہ اداکار سیف علی خان سے جڑا ہے۔ یہ واقعہ سال 2012 کا ہے، جب سیف پر ایک (این آر آئی) تاجر پر حملہ کرنے کا الزام لگا تھا۔ واقعہ کے وقت ملائکہ سیف کے ساتھ ان کی قریبی دوستوں میں سے ایک کے طور پر موجود تھیں۔ تاہم عدالت کی جانب سے بطور گواہ طلب کیے جانے کے باوجود ملائکہ ابھی تک عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔ عدالت نے ان کی مسلسل غیر حاضری کی وجہ سے ان کے خلاف یہ قابل ضمانت وارنٹ جاری کیا ہے۔ اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ ملائیکہ کب عدالت میں پیش ہوتی ہیں اور یہ کیس کس سمت آگے بڑھتا ہے۔

اداکار سیف علی خان 22 فروری 2012 کو اپنی اہلیہ کرینہ کپور، کرشمہ کپور، ملائکہ اروڑا، امریتا اروڑا اور کچھ دیگر دوستوں کے ساتھ ممبئی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں ڈنر کے لیے پہنچے تو عشائیہ کے دوران وہاں موجود بزنس مین اقبال میر شرما نے سیف اور ان کے دوستوں کی جانب سے پیدا ہونے والی اونچی آواز اور شور پر اعتراض کیا۔ اس بات پر سیف اور اقبال کے درمیان جھگڑا ہوا جو بعد میں لڑائی میں بدل گیا۔ الزام ہے کہ سیف نے اقبال کو نہ صرف دھمکی دی بلکہ ان کی پٹائی بھی کی۔ ملائکہ اس کیس کی ایک اہم گواہ ہیں، جو اس وقت موقع پر موجود تھیں۔