تاثیر 28 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ،28اپریل: بہار کی راجدھانی پٹنہ میں ایک بار پھر ہٹ اینڈ رن کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ جہاں ایک انووا کار نے تقریباً 11 افراد کو زخمی کر دیا ہے۔ پولیس نے گاڑی کو قبضے میں لے لیا ہے جبکہ قصوروار ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ اتوار کی دیر شام بیلی روڈ پر راجونشی نگر ہنومان مندر کے پاس ایک انووا کار نے ایک شخص کو ٹکر مار دی۔ اس کے بعد فرار ہونے کی کوشش میں کار ڈرائیور نے کئی گاڑیوں کو ٹکر ماری، پھر کار بے قابو ہو کر سڑک پر الٹ گئی۔
یہ واقعہ کوتوالی تھانہ علاقہ کے وولٹاس موڑمیں پیش آیا۔ عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ ایک تیز رفتار انووا کار نے پہلے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری۔ پھر کار بے قابو ہو کر سامنے کھڑے لوگوں پر چڑھ گئی۔
ایڈیشنل ٹریفک ایس پی آلوک کمار سنگھ نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کی شام کوتوالی تھانہ کے تحت تارا منڈل کے قریب ایک گاڑی کے ٹکرانے سے 8 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ پولیس کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی علاجکے لیے اسپتال پہنچایا۔
اطلاعات کے مطابق 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے کے بعد لوگوں میں کافی غصہ ہے۔ حادثے کا سبب بننے والی گاڑی کا نمبر بی آر 01 بی زیڈ 3311 ہے، لوگوں نے ڈرائیور کو پکڑ کر پٹائی کر دی۔ وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ ڈرائیور نشے میں تھا۔ اس حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہے۔