وزیر دفاع نے ماؤنٹ ایورسٹ اور ماؤنٹ کنچن جنگا کی مہمات کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا

تاثیر 3  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 03 اپریل :وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو نئی دہلی میں ساؤتھ بلاک سے ماؤنٹ ایورسٹ اور ماؤنٹ کنچن جنگا کی مہم کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس مہم میں ہندوستانی فوج کے 24 کوہ پیما 10 این سی سی کیڈٹس کے ساتھ ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کریں گے۔ اسی طرح ہندوستانی فوج اور نیپالی فوج کی ایک مشترکہ ٹیم ماؤنٹ کنچن جنگا کی چڑھائی کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔
ہندوستانی فوج کی ماؤنٹ ایورسٹ مہم میں 34 کوہ پیما شامل ہیں، جن میں 10 این سی سی کیڈٹس بھی شامل ہیں، جو لیفٹیننٹ کرنل منوج جوشی کی قیادت میں روایتی ساؤتھ کرنل روٹ پر چلیں گے۔ یہ ٹیم ماؤنٹ ایورسٹ (8,848 میٹر) پر چڑھے گی اور ترنگا لہرائے گی۔ اسی طرح، ہندوستان-نیپال کی مشترکہ مہم کا مقصد ماؤنٹ کنچن جنگا پر چڑھنا ہے، جس میں ہندوستانی فوج کے 12 کوہ پیما اور نیپالی فوج کے چھ کوہ پیما شامل ہوں گے۔ ماؤنٹ کنچن جنگا (8,586 میٹر) کے لیے ٹیم کی قیادت بھارتی فوج کے کرنل سرفراز سنگھ کریں گے۔