تاثیر 23 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی ،23 اپریل :پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد پورے ملک میں غم اور غصے کا ماحول ہے۔ ادھر سوشل میڈیا پر فلم عبیر گلال کے خلاف احتجاج شدت اختیار کر گیا ہے۔ کئی صارفین فلم کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ دراصل اس فلم میں پاکستانی اداکار فواد خان اور بالی ووڈ اداکارہ وانی کپور مرکزی کردار میں ہیں۔ دونوں فلم میں رومانوی کردار ادا کر رہے ہیں۔ پہلے ہی تنازعات میں گھرے ‘ عبیر گلال’ ایک بار پھر لوگوں کے نشانے پر ہیں۔ سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا ہے کہ اس حساس وقت میں پاکستانی فنکاروں کو بالی ووڈ فلموں میں شامل کرنا مناسب نہیں۔
فلم ‘عبیر گلال’ کی ہدایات آرتی ایس باگری نے دی ہیں اور یہ ایک رومانوی کامیڈی ہے، جو 9 مئی کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ یہ فلم ریلیز سے قبل ہی تنازعات میں گھری ہوئی ہے۔ درحقیقت، جموں و کشمیر کے پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا، جس میں 26 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے۔ اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک حصے نے فلم ‘ عبیر گلال’ کے بائیکاٹ کا مطالبہ شروع کر دیا ہے۔ فلم میں فواد خان اور وانی کپور کی جوڑی کے خلاف سراپا احتجاج ہے، خاص طور پر فواد کے پاکستانی ہونے پر لوگ ناراض ہیں۔