تاثیر 28 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ (پریس ریلیز) ضلع کے تمام سرکاری اسکولوں میں 25 سے 27 تاریخ تک تین روزہ اسکولی سطح پر مشال کھیل مقابلہ کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں طلباء نے جوش و خروش سے حصہ لیا اور مختلف شعبوں میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کی۔ اسی سلسلے میں صدر بلاک میں واقع مُریا پنچایت کے پلس ٹو اپ گریڈیڈ ہائی اسکول ٹھکرنیا اور مڈل اسکول ٹھکرنیا کے احاطے میں مشال کھیل کا انعقاد کیا گیا۔ اس کھیل میں 14 اور 16 سال کی عمر کے طلبا و طالبات کے درمیان فٹ بال، والی بال، کبڈی، ہائی جمپ، سائیکلنگ ریس، بوائز اور گرلز ریس وغیرہ کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء نے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ تین روزہ اس کھیل مقابلہ کے کامیاب انعقاد کے بعد آج مورخہ 28 اپریل کو اسکول کے ہیڈ ماسٹر رامشرن یادو کی صدارت میں جیتنے والے طلباء کے درمیان اسناد تقسیم کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اسکول کے تمام اساتذہ نے شرکت کی اور بچوں میں اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر ہیڈ ماسٹر رام شرن یادو نے کہا کہ اس طرح کے کھیل مقابلہ میں حصہ لینے والے بچوں کے لیے ایک سنہرا موقع ہے جس میں آپ اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں اور پڑھائی کے ساتھ ایک نئی سمت کی طرف بڑھ سکتے ہیں۔ یہاں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکاء کو کلسٹر، بلاک اور پھر ضلع اور ریاستی سطح پر بھیجا جائے گا۔ مقابلہ کے انچارج آنند کمار نے کہا کہ اس مقابلے سے طلباء کو ایک نئی توانائی ملی ہے اور انہیں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کا ایک اچھا پلیٹ فارم ملا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ بچوں کو اس مقابلے میں اور بھی زیادہ جوش و خروش کے ساتھ حصہ لینے کی ترغیب دے سکیں۔ اس موقع پر اسکول کے سینئر اساتذہ سمیع اللہ، ڈاکٹر آشوتوش کمار مشرا، عارف اقبال، بانی کماری نے بھی طلباء سے خطاب کیا۔ اس پروگرام میں مقررین کے علاوہ اساتذہ میں شمشاد علی، رشی کیش کمار، سندیپ کمار، جوہی کماری، آرتی کماری، ابھیشیک آنند، دیویش کمار رائے، ارجن کمار، پرمود کمار بھی موجود تھے۔