تاثیر 19 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
غزہ،19اپریل:غزہ میں وزارتِ صحت نے آج ہفتے کے روز بتایا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فضائی حملوں میں 70 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔العربیہ نیوز کے نمائندے نے بتایا کہ یہ حملے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں رہائشی عمارتوں اور بے گھر افراد کے خیموں پر کیے گئے۔ اس کے نتیجے میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
خان یونس کے مغربی حصے میں لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔ یہ بات شہری دفاع کی ٹیموں نے بتائی۔فلسطینی وزارت صحت نے “العربیہ” کو بتایا کہ حالیہ گھنٹوں میں خان یونس کے ایک مکان اور المواصی کے علاقے میں بے گھر افراد کے خیموں پر اسرائیلی بم باری کے نتیجے میں 10 سے زیادہ فلسطینی جاں بحق ہوئے۔
ادھر حماس کے مذاکراتی وفد کے سربراہ خلیل الحیّہ نے “جزوی معاہدوں” کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حماس مکمل جنگ بندی کے لیے تیار ہے، جو تقریباً 18 ماہ سے جاری جنگ کا خاتمہ کرے۔ انھوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ 2 مارچ سے جاری اسرائیلی محاصرے کے خاتمے کے لیے دباؤ ڈالے۔اقوامِ متحدہ نے غزہ کی پٹی میں ادویات اور بنیادی ضروریات کی شدید قلت پر تشویش ظاہر کی ہے۔ یہاں 24 لاکھ سے زیادہ افراد آباد ہیں۔ ان میں لاکھوں لوگ جنگ شروع ہونے کے بعد سے خیموں میں پناہ لینے پر مجبور ہو چکے ہیں۔اکتوبر 2023 میں حماس کے حملے کے بعد شروع ہونے والی جنگ میں رواں سال 19 جنوری کو فائر بندی نافذ العمل ہو گئی تھی۔ تاہم پھر گذشتہ ماہ اسرائیلی فوج نے 18 مارچ سے اپنے حملے دوبارہ شروع کر کے فائر بندی کو توڑ دیا۔اس کے بعد سے اب تک غزہ کی پٹی میں 1690 سے زیادہ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس طرح 7 اکتوبر 2023 کو جنگ کے آغاز سے اب تک مرنے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 51,065 ہو چکی ہے۔ یہ بات غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت نے بتائی۔