ڈوڈہ میں میگا سرجیکل کیمپ کی شروعات کل سے ہو گی

تاثیر 16  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں, 16 اپریل :عوامی صحت کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت کے طور پر ضلع انتظامیہ ڈوڈہ، روٹری کلب انٹرنیشنل کے اشتراک سے ایک میگا سرجیکل کیمپ کا انعقاد کر رہی ہے، جس کا مقصد عوام کو خصوصی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ، ہرویندر سنگھ نے کیمپ کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ 17 اپریل سے محکمہ صحت کی ٹیم کی جانب سے مختلف علاقوں میں مریضوں کی جانچ کا عمل مکمل کیا گیا ہے، جس کے دوران تقریباً پانچ سو مریضوں کو مختلف قسم کی سرجری کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔اس میگا کیمپ میں ملک کے مختلف حصوں سے ماہر سرجن اور طبی ماہرین شرکت کریں گے، جب کہ جی ایم سی ڈوڈہ، ڈسٹرکٹ اسپتال ڈوڈہ اور بھدرواہ کے ڈاکٹروں کی ٹیمیں بھی اس مہم کا حصہ ہوں گی۔ اس اجتماعی کوشش کا مقصد اْن مریضوں کو معیاری اور فوری علاج فراہم کرنا ہے جو سرجری کے منتظر ہیں۔عوامی رہنمائی، تعاون اور فوری رابطے کے لیے ضلع انتظامیہ نے ایک خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے۔