اسرائیل پر یمن سے ناکام میزائل حملے جاری

تاثیر 18  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

تل ابیب،18اپریل:العربیہ نیوز کے نمائندے کے مطابق اسرائیل نے جمعے کے روز یمن سے داغا جانے والا ایک بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کر دیا۔ اس سے قبل تل ابیب، بیت المقدس اور ان کے نواح میں خطرے کے سائرن بجائے گئے تھے۔اسرائیلی فوج نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ “خطرے کے سائرن بجائے جانے کے کچھ دیر بعد یمن سے آنے والا میزائل اور اس کے علاوہ اسرائیل کی سمت بھیجے گئے راکٹ اور ڈرون طیارے روک دیے گئے۔ نومبر 2023 سے اب تک حوثیوں نے بحیرہ احمر میں جہاز رانی کی راہ داری سے گزرنے والے بحری جہازوں پر ڈرون طیاروں اور راکٹوں کے ذریعے درجنوں حملے کیے۔ حوثیوں کا کہنا ہے کہ وہ غزہ کی جنگ پر احتجاجا اسرائیل کے ساتھ وابستہ جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں”۔
امریکہ نے گذشتہ ماہ حوثیوں کے خلاف وسیع پیمانے پر فضائی حملے شروع کیے تھے۔ وہ واضح کر چکا ہے کہ جب تک حوثی بحیرہ احمر میں بحری جہازوں پر حملے بند نہیں کرتے، یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔دوسری جانب غزہ کی تازہ ترین زمینی صورتِ حال کے مطابق، جمعے کے روز فلسطینی شہری دفاع نے اعلان کیا کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں 15 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد شامل ہیں۔