تاثیر 27 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
مندسور، 27 اپریل: مدھیہ پردیش کے مندسور ضلع میں اتوار کی دوپہر نارائن گڑھ تھانہ علاقے کے تحت گائوں کچریا چوپاٹی کے قریب مسافروں سے بھری تیز رفتار ایکو وین ایک موٹر سائیکل سے ٹکرانے کے بعد کنویں میں گر گئی۔ حادثے میں تقریباً7 لوگوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقامی لوگوں کی مدد سے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ فی الحال ریسکیو آپریشن جاری ہے۔اتوار کو اجین ضلع کے انہیل سے ایکو وین میں 10 سے زیادہ مسافر سفر کر رہے تھے۔ اس دوران، دوپہر تقریباً 1.30 بجے، مندسور ضلع کے کچریا چوپٹی گاؤں کے قریب، وین بے قابو ہو کر ایک بائک سے ٹکرا کر کنویں میں جا گری۔ حادثے میں موٹر سائیکل پر سفر کرنے والے مسافر کی موقع پر ہی موت ہو گئی جب کہ اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ وین میں پھنسے کچھ افراد کی بھی موت ہو گئی ہے۔ حادثے میں چار افراد زخمی ہوئے، جنہیں بچا کر مندسور ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ کچھ لوگ اب بھی وین میں پھنسے ہوئے ہیں۔متوفی موٹر سائیکل سوار کی شناخت گوبر سنگھ ساکن نہر گڑھ ابکھیڈی کے طور پر کی گئی ہے۔ اسی دوران وین سواروں کو بچانے کے لیے کنویں میں چھلانگ لگانے والے دروواڑی کے رہنے والے 40 سالہ منوہر سنگھ کی بھی موت ہوگئی۔