تاثیر 8 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
فتح پور، 08 اپریل: بالادستی کی لڑائی کے سبب منگل کو ضلع میں دن دیہاڑے تین افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس سپرنٹنڈنٹ دھول جیسوال پولیس فورس کے ساتھ فوراً موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس واقعے کی تفتیش کرتے ہوئے قتل کے تین ملزمان کو گرفتار کر کے ضروری قانونی کارروائی کر رہی ہے۔
کسان پپو سنگھ (50) بیٹے ابھے سنگھ (22) اور چھوٹے بھائی رنکو سنگھ (40) کا ہاتھگاؤں تھانہ علاقے کے اکھیری گاؤں میں قتل کر دیا گیا۔ گاؤں والوں نے بتایا کہ جیسے ہی تینوں متوفی ایک ہی موٹر سائیکل پر طاہرا پور چوراہے پر پہنچے تو ٹریکٹر پر سوار لوگوں نے انہیں گھیر لیا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کی آواز سے پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ تینوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ پپو سنگھ کی ماں رام دلاری اس وقت گاؤں کی سربراہ ہیں، جب کہ پپو سنگھ خود گاؤں کی سیاست میں سرگرم تھے۔