تاثیر 24 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 24 اپریل: پنچایتی راج کے قومی دن کیموقع پرآج مدھوبنی ضلع کے جھنجھاپور کے لوہنا شمالی گرام پنچایت میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ کیے گئے مختلف اسکیموں کے افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے پروگرام میں وزیر ا علیٰ نتیش کمار شامل ہوئے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ذریعہ بہار کی ترقی کے لیے کیے گئے کام کی ستائش کی اور کہا کہ جب بہار ترقی کرے گا تب ہی ملک ترقی کرے گا۔
اس موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی آج مدھوبنی میں ہمارے درمیان تشریف لائے ہیں۔ سب سے پہلے میں وزیر اعظم نریندر مودی کا خیر مقدم کرتا ہوں اور مبارکباد دیتا ہوں۔ میں بہار کے گورنر، دیگر مرکزی وزراء، بہار کے وزراء اور پروگرام میں موجود تمام لوگوں کا بھی تہہ دل سے خیر مقدم کرتا ہوں۔ یہ ہمارے لیے خوش قسمتی کی بات ہے کہ آج پنچایتی راج کے قومی دن پر عزت ماب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ذریعہ بجلی کی تقسیم، گیس پلانٹ اور دیگر اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے۔ نئی ریلوے لائنوں کا افتتاح کیا جا رہا ہے اور 3 نئی ٹرین سروس شروع کی جا رہی ہیں۔ وزیر اعظم رہائش منصوبہ کے 12 لاکھ مستفیدین کو الاٹمنٹ لیٹر دیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم رہائش منصوبہ کے 10 لاکھ مستفیدین کو پہلی قسط کی رقم دی جا رہی ہے۔

