تلنگانہ میں دس لاکھ میٹرک ٹن دھان کی خریداری

تاثیر 24  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

حیدرآباد۔ 24 ، اپریل:تلنگانہ میں دھان کی خریداری زوروں پر ہے۔ یکم اپریل سے شروع ہوئی خریداری میں اب تک 10 لاکھ میٹرک ٹن دھان خریدی جاچکی ہے۔ گزشتہ 5 سے 6 دنوں سے روزانہ ایک لاکھ میٹرک ٹن دھان خریدی جارہی ہے۔کسان غیر متوقع بارش اور تیز ہواؤں کے پیش نظر فصل کی کٹوائی جلدی کرتے ہوئے خریداری مراکز کو دھان منتقل کر رہے ہیں۔اس وقت مراکز پر ٹریکٹروں اورڈی سی ایم گاڑیوں کی قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ سرگرمیاں آئندہ بیس دنوں تک جاری رہ سکتی ہے جس کے بعد دھان کی کٹوائی مکمل ہونے کا امکان ہے۔ ربیع کے سیزن میں 57 لاکھ ایکڑ اراضیات پر دھان کی فصل اگائی گئی تھی اور اندازہ لگایا گیا کہ 127.50 لاکھ میٹرک ٹن دھان حاصل ہوگی۔ان میں سے 70.13 لاکھ میٹرک ٹن دھان خریدنے کا نشانہ مقرر کیا گیا اور اس کے مطابق انتظامات کئے گئے۔