تاثیر 18 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
تہران،18اپریل:ایران کی نیوز ایجنسی ’’ تسنیم ‘‘ نے اطلاع دی ہے کہ سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے تہران میں ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای سے ملاقات کی ہے۔سعودی وزیر دفاع نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا پیغام ایرانی رہنما علی خامنہ ای کو پہنچایا۔ یہ بات سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور ان کے ہمراہ وفد کے دورے کے دوران سامنے آئی۔انہوں نے اپنے سرکاری دورے کے دوران تہران میں ایرانی صدر مسعود پیزشکیان سے بھی ملاقات کی۔ یہ ملاقات سعودی قیادت کی ہدایت پر عمل میں آئی۔ دورے کے دوران وہ متعدد ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال اور مشترکہ دلچسپی کے امور اور موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ اس سے قبل شہزادہ خالد نے ایرانی مسلح افواج کے سربراہ سے بھی ملاقات کی ہے۔
شہزادہ خالد بن سلمان کے دورے کے دوران ایرانی چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد باقری نے ریاض کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات کو مارچ 2023 میں بیجنگ معاہدے پر دستخط کے بعد سے ترقی کی جانب گامزن قرار دیا۔ میجر جنرل باقری نے کہا کہ تہران اور ریاض علاقائی سلامتی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ریاض کے ساتھ اچھے تعلقات دشمنوں کے لیے مایوسی اور دوستوں کے لیے خوشی کا باعث ہیں۔