پہلگام حملے کے بعد ممبئی میں سیکورٹی سخت، پولیس ہائی الرٹ پر

تاثیر 24  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 24 اپریل:جموں و کشمیر کے پہلگام میں معصوم سیاحوں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے پیش نظر ممبئی میں سیکورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ شہر کے حساس اور پرہجوم مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ اہم علاقوں میں گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے ذریعہ گاڑیوں کی اچانک تلاشی اور شناخت کی جانچ کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پہلگام واقعہ کے بعد ممبئی پولیس کے اعلیٰ افسران نے فوری طور پر ایک ہنگامی میٹنگ بلائی، جس میں فیصلہ لیا گیا کہ شہر کے تمام بڑے مقامات جیسے کہ مذہبی مقامات، تاریخی عمارات اور دیگر عوامی مقامات پر حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ پولیس نے نہ صرف وردی میں تعیناتی بڑھائی ہے بلکہ سادہ لباس میں بھی اہلکاروں کی گشت میں اضافہ کیا ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ حرکت پر فوری کارروائی کی جا سکے۔