نٹوار کے رگھوناتھ پور گاؤں میں شادی شدہ خاتون کی ہوئی مشتبہ موت،سسرال والے فرار

تاثیر 12  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

             سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع نٹوار تھانہ علاقہ کے رگھوناتھ پور گاؤں میں آج کی گزری شب ایک شادی شدہ خاتون کی مشتبہ حالت میں موت ہوگئی ۔ متوفی روی کمار کی بیوی شوبھا کماری ہے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولس نے وہاں پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے صدر اسپتال سہسرام ​​بھیج دیا ہے ۔ واقعہ کے بعد مقتول کے سسرال والے گھر سے فرار ہوگئے جس سے معاملہ مزید مشکوک ہوگیا ہے ۔ متوفی شوبھا کماری کے اہل خانہ نے بتایا کہ تقریباً ایک سال قبل بیٹی شوبھا کی شادی رگھوناتھ پور ٹولہ کے رہنے والے روی کمار سے ہوئی تھی، آج کی گزری شب اس کے سسرال والوں نے فون پر اطلاع دی کہ شوبھا کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی ہے، پھر ہملوگ وہاں پہنچے تو دیکھا کہ شوبھا کی موت ہو چکی تھی اور اسکی لاش گھر میں پڑی تھی ۔ سب سے چونکا دینے والی بات یہ تھی کہ سسرال کا کوئی فرد گھر میں موجود نہیں تھا، سب فرار ہو چکے تھے، شوبھا کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ لاش تو موجود ہے لیکن گردن پر کٹے کا نشان ہے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اسکی موت فطری نہیں بلکہ جان بوجھ کر ہوئی ہے، اہل خانہ نے اسے قتل قرار دیتے ہوئے پولس سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس حوالے سے نٹوار تھانہ کے صدر اجیت کمار نے بتایا کہ لڑکی کے والدین کی شکایت پر تفتیش شروع کردی گئی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آئیگی ۔ فی الحال پولس تمام زاویوں سے کیس کی تفتیش کر رہی ہے اور فرار ہونے والے سسرال والوں کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔