ہندو ماؤں بہنوں کا سندور مٹانے والے دہشت گردوں کو سزا ملے گی: یوگی

تاثیر 24  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کانپور، 24 اپریل:وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پہلگام دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بننے والے کانپور کے شبھم دویدی کے آبائی گاؤں ہاتھی پور پہنچے، اور ان کی میت کے سامنے جھک کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ لواحقین کو تسلی دینے کے بعد وزیر اعلیٰ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام میں دہشت گردی کا واقعہ ظالمانہ، لرزہ خیز اور بزدلانہ تھا۔ یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ دہشت گردی آخری سانسیں لے رہی ہے۔ ہندو ماؤں بہنوں کے سامنے جس طرح سندور کو مٹایا گیا، ان دہشت گردوں اور ان کے آقاؤں کو ضرور سزا ملے گی۔
انہوں نے اپنے خاندان سمیت پوری ریاست اور ملک کے عوام کو یقین دلایا کہ یہ حکومت دہشت گردی اور انتہا پسندی کے واقعات کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے ساتھ کام کر رہی ہے اور جن لوگوں نے یہ واقعہ انجام دیا ہے، دہشت گردی کے ان زہریلے دانتوں کو پوری طاقت سے کچل دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس سازش کا حصہ بنے ہیں انہیں نتائج بھگتنا ہوں گے اور آپ سب اس کے گواہ ہوں گے۔