تاثیر 23 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 23 اپریل2025راجدھانی پٹنہ کے گنگا ساحل کو ایک خوبصورت سیاحتی مقام کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ اس پروجیکٹ کے تحت گنگا کے ساحل کو ایک خوبصورت پارک میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس میں ریور فرنٹ، ایکولوجیکل پارک، بٹر فلائی گارڈن، فوڈ کورٹ، اربن لیڈی ہاٹ، فٹ پاتھ، سائیکل ٹریک اور پارکنگ کی بڑی سہولیات تیار کی جائیں گی۔ اس کے کل رقبے کا 90 فیصد حصہ سبز اور کھلا رکھا جائے گا۔ جس میں تقریباً ایک لاکھ درخت لگائے جائیں گے جس سے دارالحکومت پٹنہ میں ہریالی بڑھے گی اور ماحولیاتی توازن میں کافی مدد ملے گی۔
سڑک تعمیرات محکمہ کے مطابق کل 8 ہیکٹر کے رقبے میں 27 برجوں پر مبنی ماحولیاتی باغ روایتی فلکیات کے تھیم پر مبنی ہوگا۔ نیز تتلی باغ بچوں اور سیاحوں کو فطرت سے جوڑ دے گا۔ اس کے ساتھ ہی، کل 6 کلومیٹر طویل فٹ پاتھ لوگوں کو گنگا کے کنارے محفوظ چلنے کی سہولت فراہم کرے گا۔ یہاں کل 4,000 فور وہیلر اور 13,000 ٹووہیلر گاڑیوں کے لیے پارکنگ کی سہولیات بھی تیار کی جائیں گی۔ ریاستی سڑک کی تعمیر کے وزیر نتن نوین نے کہا کہ یہ پروجیکٹ پٹنہ کی پائیدار ترقی کے ساتھ ساتھ سیاحت اور ثقافتی توسیع کی سمت میں ایک نئے باب کا اضافہ کرے گا۔
بہار اسٹیٹ روڈ کنٹرکشن کارپوریشن لمیٹڈ نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں ’جے پی گنگا پتھ (فیز-1) پروجیکٹ‘ کے لیے ٹینڈر مانگے گئے ہیں۔ یہ کثیر مقاصد اسکیم 21 فروری کو پرگتی یاترا کے دوران وزیر اعلی نتیش کمار کے اعلان کا ایک حصہ ہے۔
سڑک تعمیر کے وزیر نتن نوین نے کہا کہ یہ پروجیکٹ دیگھا سے گاندھی میدان تک گنگا پتھ کے دونوں طرف تقریباً 7 کلومیٹر کے علاقے میں تیار کیا جائے گا۔ 49.7 ہیکٹر کے کل رقبے پر پھیلی اس اسکیم کی تخمینہ لاگت 387.40 کروڑ روپے ہے۔ اسے 24 ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر سڑک تعمیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی سوچ کے مطابق اس منصوبے کو بروقت آگے بڑھانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ صرف دو ماہ کے اندر ٹینڈر جاری کرنا محکمہ کی کمٹمنٹ کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ ٹینڈر دستاویزات سرکاری پورٹل سے 27 اپریل سے 26 مئی دوپہر 3 بجے تک ڈاؤن لوڈ اور اپ لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔ ایجنسی کا انتخاب مسابقتی عمل کے ذریعے کیا جائے گا اور کام کے معیار اور وقت کی پابندی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔