ناندیڑضلع میں ٹریکٹر کنویں میں گرا، آٹھ خواتین مزدوروں کی موت، تین زخمی

تاثیر 4  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 4 اپریل :ناندیڑ ضلع کے الیگاؤں شیورا میں جمعہ کی صبح مزدوروں کو لے کر جانے والا ٹریکٹر اچانک کنویں میں گر گیا جس سے آٹھ خواتین مزدوروں کی موت ہو گئی۔ اس واقعے میں تین کارکن زخمی ہوئے ہیں، جنہیں قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ناندیڑ پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے اور راحت اور بچاؤ کام کر رہی ہے۔
محکمہ ریونیو کے ذرائع کے مطابق ہنگولی ضلع کی وسمت تحصیل کے گنج کے رہنے والے مزدور آج صبح ٹریکٹر کے ذریعے ناندیڑ ضلع کے الیگاؤں شیورا میں دگدو شندے کے کھیت میں ہلدی کی کٹائی کے لیے جا رہے تھے۔ جیسے ہی ٹریکٹر الیگاؤں شیورا پہنچا، ڈرائیور نے اچانک کنٹرول کھو دیا اور ٹریکٹر کنویں میں جا گرا۔ واقعہ کے بعد ٹریکٹر ڈرائیور فرار ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ناندیڑ پولیس گاؤں والوں کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی اور پمپ لگا کر کنویں کا پانی نکالا جا رہا ہے۔ اس واقعہ میں تارابائی جادھو، دھرپتا جادھو، مینا راؤت، جیوتی سرودے، چوتھرا بائی پردے، سرسپتی بھوراڈ، سمرن کامبلے کی موت ہوگئی۔ اس کے علاوہ پوروبھابائی کامبلے، پاروتی براد اور ستواجی جادھو کو بچا لیا گیا ہے اور تینوں کا علاج قریبی اسپتال میں جاری ہے۔جائے وقوعہ پر راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔