امریکہ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کو مثبت اور تعمیری قرار دیا

تاثیر 27  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،27اپریل:ایران کے متنازعے جوہری پروگرام پر بات چیت کے لیے عمان میں امریکہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں ایران کی جانب سے اختلافات کی تصدیق کے بعد امریکہ نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایک سینئر امریکی اہلکار نے مذاکرات کی تعریف کرتے ہوئے انہیں “مثبت اور تعمیری” قرار دیا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ بالواسطہ بات چیت کا دور چار گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔ ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔
تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ معاہدے تک پہنچنے کی طرف پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے بات چیت میں سہولت فراہم کرنے پر سلطنت عمان کے شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ مذاکرات “اچھے اور سنجیدہ” ماحول میں ہو رہے ہیں۔ تاہم ان کا یہ بھی ماننا تھا کہ عمان میں ہونے والے جوہری مذاکرات کے تیسرے دور کے اختتام کے بعد ایرانی اور امریکی فریقوں کے درمیان اختلافات برقرار ہیں۔عراقچی نے مسقط میں ایک ایرانی سرکاری ٹیلی ویڑن کے نامہ نگار کو بتایاکہ “اہم مسائل اور تفصیلات پر اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔ البتہ اس بار مذاکرات پہلے سے زیادہ سنجیدہ تھے‘۔