وائس چانسلر نے پی ایچ ڈی ٹیسٹ امتحان کا معائنہ کیا،امتحان میں 83.69 فیصد امیدوار شریک ہوئے

تاثیر 20  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ(فضا امام) 20 اپریل- متھلا یونیورسٹی، دربھنگہ کے وائس چانسلر پروفیسر سنجے کمار چودھری نے آج پیٹ امتحان 2023 کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران وائس چانسلر نے امتحان کے منصفانہ، شفاف اور ہموار انعقاد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے امتحانی مراکز پر انتظامات کا بغور مشاہدہ کیا اور وہاں موجود عہدیداروں کو ضروری ہدایات بھی دیں۔ وائس چانسلر نے اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ تمام امیدواروں کو یکساں، پرامن اور نظم و ضبط کا ماحول ملے۔وائس چانسلر نے PAT کے امتحان کو یونیورسٹی کے ریسرچ کلچر کو مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم اقدام قرار دیا۔ ہیڈکوارٹر پر واقع سی ایم سائنس کالج، سی ایم کالج، ایم کے کالج، کے ایس کالج، مارواڑی کالج، ایم ایل ایس ایم کالج اور ایم آر ایم کالج دربھنگہ میں منعقدہ امتحان میں ڈین آف کامرس پروفیسر ہرے کرشنا سنگھ، ڈین آف ہیومینیٹیز پروفیسر منجو رائے، سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر شاہد حسن موجود تھے۔کنٹرولر امتحانات پروفیسر بی کے اوجھا اور ڈپٹی کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر انسان علی نے بھی اچانک معائنہ کیا۔ کور کمیٹی کے ممبران پروفیسر اشوک کمار مہتا، پروفیسر ارون کمار سنگھ، ڈاکٹر ضیا حیدر اور دیگر ساتھیوں نے مسلسل امتحان سے متعلق معلومات کا تبادلہ کیا۔ امتحان ساتوں امتحانی مراکز پر پرامن طریقے سے منعقد ہوا۔ تئیس مضامین میں کل 3549 امیدواروں میں سے 2970 نے شرکت کی۔ امیدواروں کی حاضری 83.69 رہی۔ امتحان کے کامیابی سے مکمل ہونے پر وائس چانسلر نے امتحانی کام میں شامل تمام اساتذہ اور عملہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امیدواروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔