تاثیر 29 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
بارا چکیا میں وقف بچاؤ ،آئین بچاؤ پروگرام کا کامیاب انعقاد
چکیا نگر پریشد کے وارڈ نمبر 25 کے عیدگاہ میں وقف بچاؤ آئین بچاؤ پروگرام کا شاندار کامیاب انعقاد کیا گیا۔اِس اہم ترین پروگرام میں قُرب و جوار کے باشعور لوگوں نے شرکت کی اور ماہرین سے وقف قانون مہلک اثرات کو سمجھا اور آخری سانس تک جدو جہد کرنے کہ عہد کیا۔اِس پروگرام کی قابلِ تحسیں نظامت چمپارن کی معروف علمی و ادبی شخصیت حسن شاہد نے کیا۔مہمان خُصوصی کی حیثیت سے جلوہ افروز معروف اسلامی اسکالر اور مبلغ و مفكر حضرت علامہ عبد الرشید برق ضلع ناظم جماعتِ اسلامی ہند مشرقی چمپا رن نے کہا کہ وقف ترمیمی قانون 2025 مذہبی اداروں پر خوفناک حملہ ہےاور مذہبی تفریق ہے۔اس قانُون کے ذریعہ حکومت مسلمانوں کو اُن کی اپنی جائیداد اور پراپرٹی سے بےدخل کر کے اُن کو معاشی اعتبار سے کمزور کر کے پستی کے اندھیرے میں ڈال کر غلام بنانا چاہتی ہے اس لیے جے پی سی کے کروڑوں اعتراضات کے باوجود اس قانُون کو جبراً پاس کیا گیاہے اور آئین کی دھجیاں اڑائی گئیں ہیں۔موصوف نے کہا کہ ایک جانب حکومت مسلمانوں کو طعنہ دیتی ہے کہ وہ پنکچر بنانے والی قوم ہے اور دوسری جانب اُن کی زمینات کو ہڑپنے کی سازش کر رہی ہے تاکہ مسلمانوں کی مذہبی اور معاشی شناخت کو آسانی سے بلڈوز کیا جاسکے۔عوام کو متنبہ کرتے ہوئے علاّمہ برق نے کہا کہ اب ہمیں سڑک سے ایوان تک جمہوری طریقہ لڑائی لڑنی ہوگی تب ہم کامیاب ہوں گے اور ہمارا وقف ،آئین اور ہماری شناخت بچے گی۔ جماعت اسلامی کے سرگرم رُکن جناب خورشید امام نے بصیرت افروز گفتگو کی اور نئے قانون کے خطرناک اثرات سے عوام کو واقف کیا۔ بہار یوتھ آرگنائزیشن بہار کے صدر سید ساجد حسین نے ولولہ انگیز خطاب فرمایا اور ہر طرح کی قربانی کی تیاری کے لئے بیدار کیا۔وقف بل کے خِلاف مُلک میں جد یو میں استعفیٰ کا آغاز کرنے والے مرد مجاہد رہنما ڈاکٹر قاسم انصاری،ڈاکٹر شمیم الحق رنجیت رام ،لللت كشواہا،شیو جی پاسوان ،راج منگل کشواہا سمیت درجنوں لیڈروں نے خطاب کیا۔پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے والوں میں یوتھ آئیکون اشتیاق عالم، حیات الدین انصاری،فردوس عالم ،فروغ عالم جامی ،وسیم اختر کے اسما قابلِ ذکر ہیں۔ شرکاء نے پہلگام میں مارے گئے معصوموں کے لئے اظہارِ تعزیت کیا اور مجرمین کے لئے سخت سزا کا مطالبہ کیا ۔

