بھجن پورہ میں نوجوان کا چاقو مار کر قتل

تاثیر 26  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 26 اپریل : شمال مشرقی ضلع میں چاقو مارنے کے واقعات رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ تازہ معاملہ جمعہ کی رات بھجن پورہ علاقے کے سبھاش محلہ کا ہے۔ یہاں بدمعاشوں نے ایک نوجوان کو چاقوسے وار کر کے قتل کر دیا۔ ارتکاب جرم کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے جی ٹی بی اسپتال کے مردہ خانہ میں محفوظ کردیا۔ تھانہ بھجن پورہ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس آس پاس نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کو سکین کرکے ملزم کی شناخت میں مصروف ہے۔ متوفی کی شناخت ثاقب (21) کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ بھجن پورہ علاقہ کا رہنے والا تھا۔ ثاقب کے والد کپڑے رنگنے کا کام کرتے ہیں۔ ثاقب اپنے والد کی کام میں مدد کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق جمعہ کی رات تقریباً 9 بجکر 31 منٹ پر ثاقب اپنے گھر کے قریب گلی میں چل رہا تھا۔ اسی دوران کچھ بدمعاشوں نے اس پر چاقو سے حملہ کردیا۔ مقامی لوگ اسے شدید زخمی حالت میں جی ٹی بی اسپتال لے گئے۔ جہاں ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ معاملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے شمال مشرقی ضلع پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی پولیس کے علاوہ کرائم ٹیم اور فرانزک ٹیم کو جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کو کہا گیا۔