تاثیر 31مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 31 مئی:محکمہ تعلیم کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ نے ہفتہ کے روز بتایا کہ 20 جون تک ٹرانسفر کئے گئے تمام ایک لاکھ 30 ہزار اساتذہ کو ان کے نئے اسکول الاٹ کردیئے جائیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹرانسفر ہونے والے اساتذہ کو اب ان کے پرانے اسکولوں سے فارغ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جیسے ہی وہ اپنے نئے اسکول میں شامل ہوں گے، وہ خود بخود پرانے اسکول سے فارغ ہوجائیں گے۔ محکمہ تعلیم کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اپنے ہفتہ وار پروگرام ‘شکشا کی بات ہر ہفتہ میں اساتذہ، طلباء اور ان کے والدین کے پوچھے گئے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ٹرانسفر ہونے والے اساتذہ سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنی تعیناتی کے لیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسرکے دفتر میں غیر ضروری طور پر نہ جائیں۔ کیونکہ ٹرانسفر ہونے والے اساتذہ کو مکمل شفافیت کے ساتھ اسکول الاٹ کیے جا رہے ہیں۔ ایڈیشنل چیف سکرییٹری کو جب ایک طالب علم کی جانب سے بتایا گیا کہ گرمیوں کی تعطیلات سے قبل کئی طلبہ کو کتابیں فراہم نہیں کی گئی ہیں تو ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے اس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہوتے ہی بچوں کو کتابیں فراہم کردی جائیں گی۔