بگلیہار ڈیم کے تمام دروازے دوسرے روز بھی بند

تاثیر 14 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں، 14 مئی: رامبن میں دریائے چناب پر قائم بگلیہار پن بجلی پروجیکٹ کے تمام گیٹ مسلسل دوسرے روز بھی بند رکھے گئے ہیں۔ یہ اقدام جموں و کشمیر میں حالیہ شدید بارش کے بعد کیا گیا ہے، جن کی وجہ سے ممکنہ سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔ بگلیہار ڈیم کے گیٹ 8 مئی کو کھولے گئے تھے تاکہ اضافی پانی کو خارج کیا جا سکے۔
ادھر انڈس واٹر ٹریٹی تاحال معطل ہے۔ معاہدے کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد معطل کیا گیا تھا۔ بھارتی حکومت کا مؤقف ہے کہ خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے۔ معاہدے کے مطابق مشرقی دریا راوی، بیاس اور ستلج کا پانی بھارت کو مکمل طور پر دیا گیا ہے، جبکہ مغربی دریا سندھ، جہلم اور چناب کا زیادہ تر حصہ پاکستان کو دیا گیا، البتہ بھارت کو محدود زرعی، گھریلو اور پن بجلی منصوبوں کے لیے ان دریاؤں کے استعمال کی اجازت حاصل ہے۔بھارت نے مشرقی دریاؤں کے پانی کے مکمل استعمال کے لیے مختلف آبی ذخائر تعمیر کیے ہیں جن میں بھاکڑا ڈیم (ستلج)، پانگ و پندھ ڈیم (بیاس) اور رنجیت ساگر ڈیم (راوی) شامل ہیں۔