تاثیر 12 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ریاض،12مئی :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز غزہ میں قید اسرائیلی نڑاد امریکی فوجی عیدان الیگزینڈر کی رہائی کے حماس کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے “تاریخی خبر” قرار دیا ہے۔ ٹرمپ نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام قیدیوں کو رہا کیا جائے گا اور غزہ میں جاری لڑائی کا خاتمہ ہو گا۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم Truth Social پر ایک پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ ان تمام افراد کے شکر گزار ہیں جن کی کوششوں سے یہ تاریخی خبر ممکن ہوئی۔ انھوں نے قیدی کی رہائی کو “نیک نیتی کی علامت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے یہ قدم اس خون ریز تنازع کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہو گا۔ ساتھ ہی ٹرمپ نے تمام ثالثوں، خصوصاً مصر اور قطر، کا شکریہ بھی ادا کیا جنھوں نے اس معاہدے میں کردار ادا کیا۔
اتوار کے روز حماس نے اعلان کیا تھا کہ وہ اسرائیلی امریکی فوجی عیدان الیگزینڈر کو رہا کرے گی۔ یہ اعلان ان اطلاعات کے فوراً بعد سامنے آیا جن کے مطابق حماس کے کچھ رہنماؤں نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکہ کے ساتھ براہ راست بات چیت کی، جس میں جنگ بندی اور غزہ میں امدادی سامان کے داخلے جیسے امور زیر بحث آئے۔